بنگلورو،17؍نومبر(ایس او نیوز) کرناٹک پردیش کانگریس کمیٹی کے سابق صدر اور تمل ناڈو میں کانگریس امور کے انچارج دنیش گنڈو راؤنے ریاستی حکومت سے مانگ کی ہے کہ نوجوانو ں کو تباہ کرنے پر تلے آن لائن جوئے پر مشتمل کھیلوں پر فوراً پابندی عائد کردی جائے۔
انہوں نے اس سلسلے میں ٹوئٹ کرتے ہوئے حکومت سے کہا ہے کہ آن لائن جوئے پر مشتمل کھیلوں کو انہیں چلانے والی کمپنیاں جوا نہیں بلکہ مہارت قرار دے رہی ہیں جو کہ غلط ہے۔ انہوں نے کہا کہ رمی، پوکر اور دیگر آن لائن گیمس پر مشتمل ان پورٹلس کے ذریعے نوجوانوں کو لوٹا جا رہا ہے اور کئی نوجوان اس دھوکہ دہی کا شکار ہو تے جا رہے ہیں۔کئی خاندانوں کی معیشت ان گیمس کی وجہ سے برباد ہو چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ خود انہوں نے بھی نوجوانوں کی بڑی تعداد کو اس کا شکار ہوتے ہوئے دیکھا ہے۔ اس لئے حکومت سے ان کی مانگ ہے کہ فوری طور پر جوئے پر مشتمل ان گیمس پر پابندی لگائی جائے اور اس سلسلہ میں کمپنیوں کی طرف سے پیش کئے جانے والے جواز کو مسترد کرتے ہوئے نوجوانوں کے مستقبل کی حفاظت کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ کمپنیوں کا یہ دعویٰ کہ ان کے کھیل جوا نہیں بلکہ مہارت پر مشتمل ہیں ہرگز قابل قبول نہیں۔ نوجوانوں کو مہارت کے نام پر رجھایا جاتا ہے اور وہ بڑی ہی آسانی سے چند ابتائی فوائد کی وجہ سے ان کے جھانسے میں آجاتے ہیں۔ کئی گھروں کو برباد کرنے کا سبب بننے والے ان گیمس پر جتنی جلد ہو سکے پابندی لگنی چاہئے۔